ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم کا بڑا اعلان : چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کا فیصلہ

یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم کا بڑا اعلان : چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کا فیصلہ

Thu, 15 Aug 2019 22:50:01    S.O. News Service

نئی دہلی،15؍اگست(ایس او نیوز؍ایجنسی) تینوں فوجوں کو ایک کمانڈ کے نیچے لانے کی سمت میں اہم فیصلہ لیتے ہوئے حکومت نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کرنے کا فیصلہ کیاہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے یہ اعلان کیا۔ تینوں افواج کو ایک کمانڈ کے نیچے لانے کے لئے اس فیصلہ کا طویل عرصہ سےانتظار کیا جا رہا تھا۔ 

پی ایم مودی نے لال قلعہ پر ہندوستانی پرچم لہرانے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف فوجی ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف عہدہ ضروری ہے۔ اس ضرورت کے پیش نظر جلد ہی یہ انتظام کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تینوں فوجوں کو ایک قیادت ملے گی اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے نیچے تینوں افواج مل کر مہمات کو انجام دیں گی۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ اس سے تینوں فوجوں میں تال میل بڑھے گی اور وہ کامیابی کے ساتھ دفاعی تیاریوں کو منظم کر سکیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ وزارت دفاع میں اس سسٹم کو نافذ کرنے کے لئے طویل عرصہ سے غور و خوض چل رہا تھا۔ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ حکومت افواج کی تمام ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔


Share: